پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کا شیڈول جاری کر دیا، آغاز 11 اگست سے ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے مکمل پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے سیزن کا باقاعدہ آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا، جبکہ شیڈول کو آئندہ 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔

ریڈ بال کرکٹ میں قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کے ساتھ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور شامل ہیں۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے مختلف ایونٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ قائداعظم ٹرافی کی دونوں ڈویژنز کا آغاز یکم نومبر سے کیا جائے گا۔ گولڈ ڈویژن میں آٹھ اور سلور ڈویژن میں بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام بھی برقرار رکھا جائے گا۔

پی سی بی نے علاقائی ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت سیالکوٹ اور پشاور کو بھی لاہور اور کراچی کی طرز پر دو، دو ریجنل ٹیموں کی نمائندگی حاصل ہوگی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایڈیشن 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے، جبکہ جونیئر کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مختلف عمر کے گروپس کے مقابلے بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ انڈر 19 کے ریڈ بال اور ون ڈے ٹورنامنٹس، انڈر 17 اور انڈر 15 ایونٹس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سطح کے مقابلے بھی معمول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔

پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ نئے سیزن کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی ترقی، مسابقتی معیار اور شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور ریجنل نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بورڈ کی سرپرستی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2027 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیزن کے آغاز میں ون ڈے ٹورنامنٹس رکھے گئے ہیں، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ کے زیادہ مواقع فراہم کرنے سے ان کی تکنیکی صلاحیتوں اور مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *