بابر اعظم ایک ہفتے تک مکی آرتھر سے ناراض کیوں رہے؟ سابق کوچ کا دلچسپ انکشاف
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم سے متعلق ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے کے باوجود تنقید کا سامنا کرنے پر بابر اعظم نے تقریباً ایک ہفتے تک ان سے گفتگو نہیں کی تھی۔
پوڈکاسٹ پروگرام ’دی سپر اوور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراؤنڈ میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کا حوالہ دیا۔
سابق کوچ نے بتایا کہ بابر اعظم نے ابتدائی 78 گیندوں پر 90 رنز بنا لیے تھے، تاہم اس کے بعد اگلی 15 گیندوں پر وہ صرف 10 رنز بنا سکے اور سنچری مکمل کی۔ حیران کن طور پر سنچری بنانے کے فوراً بعد بابر نے لگاتار دو چھکے بھی جڑ دیے۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بابر اعظم کو ان کی بیٹنگ کی رفتار پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کے خیال میں اگر بابر 90 سے 100 رنز تک پہنچنے کے لیے زیادہ وقت نہ لیتے تو پاکستان کے مجموعی اسکور میں مزید تقریباً 15 رنز کا اضافہ ہوسکتا تھا، جو میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تنقید کے بعد بابر اعظم ان سے ناراض ہوگئے اور تقریباً ایک ہفتے تک بات چیت نہیں کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 341 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے میزبان ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی تھی۔
گفتگو کے دوران مکی آرتھر نے بابر اعظم کی 2019 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز کو بھی یاد کیا۔ ان کے مطابق یہ ان کے کوچنگ دور کی بہترین انفرادی کارکردگیوں میں سے ایک تھی۔
