نصیرآباد: حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں، جہاں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خوراک، پینے کا صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیائے استعمال تقسیم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور مقامی انتظامیہ باہمی رابطے کے ساتھ ریسکیو اور بحالی کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، فوری امداد اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید امدادی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
