نشرہ سندھو کی شاندار کارکردگی، ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا نیا ریکارڈ قائم
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی جانب سے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
دبئی میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے دوران انڈونیشیا کے خلاف مقابلے میں نشرہ سندھو نے اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے حریف بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس شاندار اسپیل کے ساتھ نشرہ سندھو پاکستان کی ایسی پہلی کھلاڑی بن گئیں جنہوں نے مینز یا ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک میچ کے دوران 6 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا۔ انہوں نے 13 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اگر مینز اور ویمنز دونوں ٹیموں کے ریکارڈز کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پاکستان کے لیے ٹی20 انٹرنیشنل میں بہترین بولنگ کا اعزاز اس سے قبل سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ رواں ویمنز ایشیا کپ میں سری لنکا کی آل راؤنڈر چماری اتاپتو بھی انڈونیشیا کے خلاف غیر معمولی بولنگ کر چکی ہیں۔ انہوں نے اسی ٹورنامنٹ میں صرف 5 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
