موسمی نظام کے مطابق بھارت کے مشرقی مدھیہ پردیش کے علاقے میں موجود شدید کم دباؤ کا سسٹم مغربی سمت پیش قدمی کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران اس کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم اس کے اثرات کے باعث مون سون کی مرطوب ہوائیں مسلسل پاکستان کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوتی رہیں گی۔

جمعرات کی پیش گوئی

جمعرات کے روز خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس سندھ کے بیشتر جنوبی علاقوں اور جنوبی پاکستان میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔

جمعہ کی پیش گوئی

جمعہ کے روز بھی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال

گزشتہ ایک روز کے دوران پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر حصوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہا۔

بارش ریکارڈ کرنے والے نمایاں علاقوں میں پنجاب کا نور پور تھل 52 ملی میٹر کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ 26، گوجرانوالہ 21، ٹوبہ ٹیک سنگھ 15، لاہور ایئرپورٹ 8، حافظ آباد اور فیصل آباد 4، جھنگ 3، مری، گجرات اور ساہیوال 2، جبکہ سیالکوٹ شہر، لاہور شہر، بھکر اور شیخوپورہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں مالم جبہ 7 اور کاکول 3 ملی میٹر جبکہ آزاد کشمیر کے کوٹلی میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔

زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت

ملک میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے علاقوں سبی، تربت اور دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *