غزہ اس وقت ایک ایسی قیامت خیز صورتحال سے دوچار ہے جس کا تصور بھی کسی دردِ دل رکھنے والے انسان کے لیے آسان نہیں۔ اپنے گھروں سے محروم، کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے ہزاروں فلسطینی خاندان پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار تھے، مگر اب قدرتی آفات نے ان کی مصیبتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شدید طوفانی ہواؤں، بارشوں اور سردی کے باعث ستر ہزار سے زائد خیمے اکھڑ جانے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات دگنی ہو گئی ہیں۔ ایک طرف یخ بستہ ہوائیں، موسلا دھار بارش اور شدید سردی ہے تو دوسری طرف سر چھپانے کے لیے میسر عارضی خیمے بھی تباہ ہو چکے ہیں۔ یہ وہ کرب ناک صورتحال ہے جسے صرف وہی محسوس کر سکتا ہے جو اس آزمائش سے گزر رہا ہو۔
غزہ کے مظلوم اور مفلوک الحال مسلمان اس وقت جس اذیت، تکلیف اور بے بسی کا سامنا کر رہے ہیں، شاید اس کا اندازہ دور بیٹھ کر لگانا بھی ممکن نہیں۔ جن لوگوں کے گھر اسرائیلی حملوں میں ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، جن کے پیارے ان سے بچھڑ گئے اور جنہیں اپنے ہی وطن میں بے گھر کر دیا گیا، وہ اب کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کے لیے خیمے ہی واحد سہارا تھے، مگر طوفانی ہواؤں اور بارشوں نے وہ سہارا بھی چھین لیا ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ان بے گناہ انسانوں کا قصور کیا ہے انہیں کب تک اس اذیت ناک زندگی میں مبتلا رکھا جائے گا
افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک طرف غزہ کے مظلوم عوام زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں، دوسری طرف عالمی دنیا کی توجہ سیاسی سرگرمیوں، انتخابی گہما گہمی اور اپنے اپنے مفادات کے گرد گھوم رہی ہے۔ دنیا کے بڑے ممالک اور طاقتور حکمرانوں کے پاس اپنے سیاسی معاملات کے لیے تو وقت ہے، مگر غزہ کے معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور بے گھر خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے کوئی مؤثر اور سنجیدہ حکمت عملی دکھائی نہیں دیتی۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ جو ادارے دنیا کے مختلف حصوں میں انسانی حقوق کے تحفظ کے دعوے کرتے ہیں، انہیں غزہ میں ہونے والی انسانی تباہی اور بے بسی پر بھی اسی شدت سے آواز اٹھانی چاہیے۔
غزہ کے مسلمانوں کا بنیادی مطالبہ کوئی غیر معمولی مطالبہ نہیں۔ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ انہیں اپنی سرزمین پر عزت اور امن کے ساتھ زندگی گزارنے دیا جائے، انہیں اپنے گھروں سے بے دخل نہ کیا جائے اور ان کے بچوں کو خوف، بھوک اور محرومی کے بجائے ایک محفوظ مستقبل دیا جائے۔ مگر بدقسمتی سے ان کی اس جائز خواہش کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ان کے گھر تباہ ہو چکے ہیں، بنیادی سہولیات ختم ہو چکی ہیں اور اب موسمی شدت نے ان کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔
اس سے بھی زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ غزہ کے متاثرین تک انسانی امداد پہنچانے میں بھی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جو ممالک، ادارے اور فلاحی تنظیمیں اپنی مدد آپ کے تحت وہاں امدادی سامان پہنچانا چاہتی ہیں، انہیں بھی مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے حالات میں عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیانات اور مذمتی قراردادوں تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرے۔ متاثرین کے لیے فوری طور پر محفوظ خیموں، گرم کپڑوں، کمبلوں، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
خصوصاً سردی کے اس موسم میں غزہ کے بے گھر خاندانوں کو ایسے مضبوط اور محفوظ خیموں کی اشد ضرورت ہے جو تیز ہواؤں، بارش اور سردی سے انہیں محفوظ رکھ سکیں۔ وہاں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ انتہائی کٹھن حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ بھوک، بیماری، سردی اور بے گھری نے ان کی زندگی کو ایک مسلسل امتحان بنا دیا ہے۔ ایسے میں صرف افسوس کا اظہار کافی نہیں، بلکہ عملی طور پر ان کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
امت مسلمہ کے حکمرانوں اور مسلم ممالک کی قیادت کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہیں باہمی اختلافات اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی۔ انہیں عالمی فورمز پر بھرپور آواز اٹھانی ہوگی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنا ہوں گی اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ظلم اور ناانصافی کے سامنے خاموشی اختیار کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔
یہ وقت صرف حکمرانوں کی ذمہ داریوں کا ذکر کرنے کا نہیں بلکہ ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ فلاحی ادارے، مخیر حضرات، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عام شہری جس حد تک ممکن ہو، غزہ کے متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ ان تک خوراک، ادویات، گرم کپڑے، کمبل اور محفوظ رہائشی خیمے پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا، اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ان مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچائی جائے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔
ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ غزہ کے مظلوم مسلمان بھی ہمارے بھائی ہیں۔ ان کے دکھ، ان کی تکلیف اور ان کی بے بسی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے ان بھائیوں کو یہ احساس نہیں ہونے دینا چاہیے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں تنہا اور بے سہارا ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت پر یقین رکھتے ہوئے ہمیں بھی ان کی مدد کے لیے عملی طور پر میدان میں آنا ہوگا۔
آج غزہ کے مظلوم عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہیں صرف ہمدردی کے الفاظ نہیں بلکہ عملی تعاون، انسانی مدد اور عالمی سطح پر مضبوط آواز کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کو اب بیدار ہونا ہوگا، اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہونا ہوگا اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ایسا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا جس سے انہیں اپنے مستقبل کے حوالے سے امید کی کرن نظر آئے۔ تاریخ ان لوگوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی جو ظلم کو اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا دیکھتے رہے مگر خاموش تماشائی بنے رہے۔
