غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حالت زار پر آج ہر دردِ دل رکھنے والا انسان افسردہ ہے۔ ایک طرف اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے تو دوسری جانب لاکھوں فلسطینی خاندان کھلے آسمان تلے خیموں میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور سردی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ستر ہزار سے زائد خیمے اکھڑ چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ خیمے بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ہزاروں خاندان ایسے ہیں جن کے پاس نہ سر چھپانے کی مناسب جگہ ہے، نہ خوراک کا انتظام اور نہ ہی سردی سے بچنے کے لیے ضروری لباس اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔
ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے غزہ میں امن اور تعمیر نو کے لیے تشکیل دیا جانے والا بورڈ آف پیس کہاں غائب ہوگیا کیا اسے آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی امن کے نام پر قائم ہونے والے اس بورڈ کا اس وقت کہیں کوئی مؤثر کردار دکھائی نہیں دے رہا۔ جس مقصد کے لیے یہ ادارہ تشکیل دیا گیا تھا، وہ مقصد تو تاحال پورا نہیں ہوسکا، بلکہ غزہ کے مظلوم عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسرائیلی جارحیت بدستور جاری ہے، امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اور متاثرہ خاندان بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہیں۔
غزہ بورڈ آف پیس کا بنیادی مقصد وہاں امن قائم کرنا، جنگ سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھانا تھا، لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس نظر آرہی ہے۔ اگر یہ بورڈ اسرائیلی جارحیت روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکا تو کم از کم اس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام تک خوراک، ادویات، خیموں، گرم کپڑوں اور دیگر ضروری اشیائے زندگی کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ امدادی قافلوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے اور عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے سے روکے۔آخر اس بورڈ کے قیام کا فائدہ کیا ہے، اگر وہ نہ امن قائم کرسکتا ہے، نہ مظلوموں کی داد رسی اور نہ ہی بھوک، سردی اور مشکلات سے دوچار لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرسکتا ہے اس میں شامل تمام ممالک کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ امن اجلاسوں اور بیانات سے قائم نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اور مظلوموں کی مدد ضروری ہے۔
گزشتہ روز حماس کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحافیوں کو غزہ کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں کے عوام کس قدر مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کراچی کی صحافی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا خصوصی کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ایک ایسا مؤثر ذریعہ ہے جو اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرسکتا ہے۔
حماس کے رہنماؤں نے صحافیوں سے یہ اپیل بھی کی کہ اپریل میں فرانس کی جانب سے فلوٹیلا کے نام سے شروع ہونے والے امدادی قافلے کی کامیابی اور اس میں شرکت کے حوالے سے صحافی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ ایسے امدادی قافلے نہ صرف غزہ کے محصور عوام تک ضروری سامان پہنچانے کی کوشش ہیں بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا بھی ایک ذریعہ ہیں۔
غزہ کی صورتحال کا وہاں کے لوگوں کی زبانی احوال سن کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ امت مسلمہ کی غیرت اور احساس ذمہ داری کہاں چلا گیا ہےہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ بچے بھوک سے بلک رہے ہیں، مائیں اپنے بچوں کو سردی اور بارش سے بچانے کے لیے بے بس ہیں، بزرگوں کے پاس ادویات نہیں اور ہزاروں خاندانوں کے پاس رہنے کے لیے چھت تک موجود نہیں۔ اس کے باوجود دنیا کی نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں کی خاموشی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
یہ صورتحال صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کا امتحان ہے۔ انسانی حقوق کے دعوے کرنے والے ممالک اور تنظیموں کو بتانا ہوگا کہ کیا فلسطینی بچوں، خواتین اور بزرگوں کے انسانی حقوق کی کوئی اہمیت نہیں کیا ان کے لیے خوراک، لباس، علاج اور محفوظ رہائش کا حق باقی نہیں رہا اگر انسانی حقوق کا تصور صرف مخصوص قوموں اور ملکوں تک محدود ہے تو پھر اس کے عالمی دعوے صرف دکھاوا ہیں۔
آج امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہ چھوڑے۔ مسلم ممالک کو سفارتی سطح پر مؤثر آواز اٹھانی چاہیے اور عملی طور پر امدادی سامان کی ترسیل کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ بالخصوص غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ممالک کو اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
اس تمام صورتحال میں صحافی برادری کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ میڈیا ہی وہ طاقت ہے جو مظلوموں کی آواز کو سرحدوں سے باہر پہنچا سکتا ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ غزہ کے عوام کی مشکلات، ان کی بے بسی، خوراک کی قلت، ادویات کی عدم دستیابی اور اسرائیلی جارحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔ کراچی پریس کلب میں حماس کے رہنماؤں کی اپیل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کا فریضہ بھی ادا کریں۔
یہ وقت خاموش تماشائی بننے کا نہیں بلکہ عملی کردار ادا کرنے کا ہے۔ ہم میں سے ہر شخص اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرسکتا ہے۔ کوئی قلم کے ذریعے، کوئی میڈیا کے ذریعے، کوئی سفارتی کوششوں سے اور کوئی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ کم از کم اتنا تو ضرور ہونا چاہیے کہ بھوک، سردی اور بارش سے لڑتے ہوئے فلسطینی عوام کو یہ احساس نہ ہو کہ پوری دنیا نے انہیں تنہا چھوڑ دیا ہے۔

غزہ بورڈ آف پیس کو اب اپنی خاموشی توڑنا ہوگی۔ امن کے نام پر قائم ہونے والے ادارے کی اصل کامیابی اس کے بیانات یا اجلاسوں میں نہیں بلکہ غزہ کے مظلوم عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے میں ہے۔ اگر وہ اسرائیلی جارحیت ختم نہیں کراسکتا تو کم از کم بھوکوں کو خوراک، بے گھروں کو چھت، بیماروں کو ادویات اور سردی سے ٹھٹھرتے بچوں کو گرم لباس فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ کیونکہ امن کا اصل تقاضا یہی ہے کہ مظلوم انسانوں کو جینے کا حق دیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *