وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ضلع شیخوپورہ میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ و معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انسپکشن مہم جاری رکھی۔ اس مہم کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام صابر نے کی، جبکہ کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور کی ہدایات کی روشنی میں انجام دی گئیں۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 115 فوڈ بزنس مراکز کا معائنہ کیا۔ انسپکشن کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور حفظانِ صحت کے تقاضے پورے نہ کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک لاکھ 99 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے ضلع بھر میں مختلف مقامات سے 36 ہزار 980 لیٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا تاکہ ملاوٹ اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کی روک تھام کی جا سکے۔ اسی دوران تقریباً 7 کلوگرام زائدالمیعاد، غیر معیاری اور ممنوعہ اشیائے خورد و نوش، جن میں مختلف بیکری مصنوعات بھی شامل تھیں، موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔

مزید برآں، مختلف خوراکی اشیاء کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری روانہ کیے گئے تاکہ ان کے معیار کی تصدیق کی جا سکے۔ کارروائی کے دوران دو فوڈ پوائنٹس کو قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا، جبکہ متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے تاکہ وہ مقررہ معیار کے مطابق اپنے انتظامات بہتر بنا سکیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے، اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *