بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور داخلی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امن و امان کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہے۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ قومی اہمیت کے دیگر معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *