لاہور: پاکستان ریلویز نے آپریشنل مسائل کے باعث لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی اپنی پریمیئم مسافر ٹرین شالیمار ایکسپریس کی سروس عارضی طور پر ایک ماہ کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس معمول کے مطابق لاہور سے فیصل آباد کے راستے کراچی تک سفر کرتی ہے، تاہم حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے متعدد ریلوے انفراسٹرکچر کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث ٹرین کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قلعہ ستار شاہ اور مسن کالر کے درمیان واقع ریلوے پل سیلابی ریلے کی زد میں آنے سے متاثر ہوا ہے، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ریل آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ ریلوے انجینئرنگ ٹیمیں پل اور ٹریک کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ مرمت کا کام جلد مکمل کیا جا سکے۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی لیے ٹرین سروس بحال کرنے سے قبل متعلقہ ٹریک اور پل کو مکمل طور پر محفوظ قرار دیا جائے گا۔ متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی واپسی یا بکنگ میں تبدیلی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی ٹرین کی تازہ صورتحال ریلوے ہیلپ لائن یا متعلقہ ریلوے اسٹیشن سے ضرور معلوم کریں، کیونکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر آپریشنل شیڈول میں مزید تبدیلیاں بھی ممکن ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *