میڈیا ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام نے مزید 60 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا، جنہیں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی نگرانی میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس منتقل کیا گیا۔
رہا ہونے والے قیدیوں کے استقبال کے لیے ان کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب ناصر اسپتال کے احاطے میں جمع ہوئے، جہاں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔
آئی سی آر سی کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک وہ ڈھائی ہزار سے زائد فلسطینی قیدیوں کی محفوظ منتقلی میں معاونت کر چکی ہے۔ تنظیم نے ایک بار پھر اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسے اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی تحویل میں موجود فلسطینی قیدیوں سے براہِ راست ملاقات یا ان کی حالت سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے مطابق اس وقت اسرائیلی جیلوں میں 9,600 سے زیادہ فلسطینی قید ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے پہلے یہ تعداد تقریباً 5,250 بتائی جاتی تھی۔
