شرقپورشریف میں عظیم الشان عالمی اتباع رسول ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی ، جس میں علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرتِ رسول ﷺ کی پیروی ، قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل اور اسلامی اقدار کے فروغ میں مضمر ہے۔ کانفرنس میں جامعہ مرتضائیہ قلعہ شریف سے فارغ التحصیل پچاس سے زائد علماء کرام اور حفاظِ قرآن کی دستارِ فضیلت بھی کی گئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے علماء و مشائخ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرقپورشریف کے نواحی علاقے قلعہ شریف میں تحریک اتباع رسول ﷺ کے زیرِ اہتمام منعقدہ عظیم الشان کانفرنس میں علماء و مشائخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے اور دین و دنیا میں کامیابی کے لیے نبی کریم ﷺ کی سنتوں پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک اتباع رسول ﷺ صاحبزادہ مفتی میاں خلیل احمد مرتضائی ، مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان ہزاروی ، صاحبزادہ مفتی محمد انوار الرسول مرتضائی ، صاحبزادہ سید بلال حسین شاہ مرتضائی اور پروفیسر ڈاکٹر خادم حسین خورشید الازہری نے اپنے خطابات میں کہا کہ عقائد و اعمال سے لے کر طرزِ حکمرانی ، نظامِ عدل و انصاف اور معاشرتی زندگی تک ہر شعبے میں اتباعِ رسول ﷺ کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ بدعات و خرافات اور غیر شرعی رسم و رواج سے اجتناب کرتے ہوئے قرآن و سنت کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کانفرنس کے دوران جامعہ مرتضائیہ قلعہ شریف کے شعبہ درسِ نظامی اور شعبہ حفظ سے فارغ التحصیل پچاس سے زائد علماء کرام اور حفاظِ قرآن کی دستارِ فضیلت کی گئی۔ اس روح پرور تقریب میں ملک بھر سے جید علماء و مشائخ، مذہبی و سماجی شخصیات اور اہلِ اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ مفتی میاں خلیل احمد مرتضائی نے امتِ مسلمہ کی سربلندی ، اتحاد و اتفاق اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *