رحیم یار خان چولستان کی جھلستی ریت میں جہاں پیاس زندگی کا سب سے بڑا امتحان بن چکی ہے، وہیں ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور ریڈز پاکستان نے دور افتادہ بستیوں تک پانی اور امید دونوں پہنچا کر انسانیت کی بہترین مثال قائم کر دی۔
رحیم یار خان کے صحرائے چولستان میں جاری شدید ہیٹ ویو نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ شدید گرمی اور پانی کی قلت کے باعث روہی کے مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں، تاہم متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور ریڈز پاکستان نے مشترکہ امدادی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔امدادی ٹیمیں دور دراز چولستانی بستیوں تک صاف پینے کا پانی پہنچا رہی ہیں، جبکہ مویشیوں کے لیے بھی پانی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے تاکہ شدید گرمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
ریلیف سرگرمیوں کے دوران شہریوں میں پانی تقسیم کرنے کے ساتھ ہی ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔ ٹیمیں عوام کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے، سر کو ڈھانپ کر رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر رہی ہیں۔
چولستان کے متاثرہ خاندانوں تک بروقت امداد کی فراہمی پر مقامی افراد نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور ریڈز پاکستان کی مشترکہ کاوش کو انسانیت کی خدمت کی ایک قابلِ تحسین مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
