رحیم یار خان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ کسان سہولت سینٹرز نہ صرف معیاری زرعی اشیا فراہم کر رہے ہیں بلکہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کو جدید کاشتکاری سے بھی روشناس کرایا جا رہا ہے۔
رحیم یار خان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں پانچ کسان سہولت سینٹر قائم کیے گئے ہیں، جہاں کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات، سپرے مشینری، زرعی آلات اور فنی رہنمائی ایک ہی جگہ پر فراہم کی جا رہی ہے۔ پرانی گلہ منڈی میں قائم سہولت سینٹر ان مراکز میں سب سے بڑا مرکز ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں کسان آ کر زرعی ماہرین سے مشاورت حاصل کر رہے ہیں۔ ماہرین کسانوں کو کپاس کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، بروقت اسپرے اور متوازن کھاد کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام ان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے کیونکہ ایک ہی مقام پر ضروری زرعی اشیا کے ساتھ ماہرین کی مشاورت بھی میسر آ رہی ہے۔ محکمہ زراعت پُرامید ہے کہ ان سہولت سینٹرز اور کسانوں کی بھرپور دلچسپی کے باعث رواں سیزن میں کپاس کی پیداوار کے مقررہ ہدف کے حصول میں مدد ملے گی اور فی ایکڑ پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
