نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈوالپمنٹ فورم (این ڈی ایف) پاکستان نے یونیسیف اور محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD)، حکومت سندھ کے اشتراک سے نواب شاہ میں بچوں کا عالمی دن منایا۔ تقریب کا مقصد بچوں، بالخصوص معذور بچوں کے حقوق، تحفظ، بحالی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ معذوری نااہلی نہیں ہے، معذور بچے بے پناہ صلاحیتوں اور قابلیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور بچوں کو مساوی مواقع، معیاری تعلیم، بحالی کی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد صدام حسین میمن نے بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، تعلیم، صحت، سماجی تحفظ اور ترقی کے مواقع تک رسائی یقینی بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔این ڈی ایف پاکستان نواب شاہ کے صدر عابد لاشاری تمغۂ امتیاز نے اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن (UNCRC) اور معذور افراد کے حقوق کے کنونشن (UNCRPD) پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان عالمی کنونشنز پر مؤثر عمل درآمد اور معذور بچوں کے حقوق، عزت و وقار، تحفظ اور سماجی شمولیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے معذور بچوں کی بروقت تشخیص، بحالی، جامع تعلیم اور معاشرے میں بامعنی شرکت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *