بہاولنگر: تھانہ سٹی بی ڈویژن کی حدود محلہ اسلام نگر میں قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق سنگین سوالات اٹھنے لگے، جہاں مبینہ طور پر تین مسلح افراد ایک غریب شہری کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلِ خانہ کو اسلحے کے زور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کے دوران خوف و ہراس پھیل گیا، اہلِ خانہ کی چیخ و پکار پر اہلِ محلہ موقع پر پہنچ گئے۔
اس دوران دو مبینہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ایک شخص کو اہلِ محلہ نے قابو کر لیا۔ بعد ازاں اہلِ محلہ کی جانب سے پکڑے گئے شخص کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سوال یہ ہے کہ شہریوں کے گھروں کی چار دیواری کا تحفظ کون یقینی بنائے گا؟ آخر ضلع بہاولنگر میں اسلحے کی نمائش، مبینہ طور پر گھروں میں زبردستی داخل ہونے اور شہریوں کو دھمکیاں دینے جیسے واقعات کا سلسلہ کب تھمے گا؟
اہلِ علاقہ نے ڈی پی او بہاولنگر اور متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، فرار ہونے والے دونوں نامزد یا مشتبہ افراد کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے، اسلحے کی برآمدگی اور واقعے کی شفاف تفتیش یقینی بنائی جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم ہو اور عوام خود کو محفوظ تصور کر سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *