ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کا شرقپور کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور مون سون انتظامات کا تفصیلی جائزہ

ضلع شیخوپورہ میں عوامی سہولیات کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور نے اسسٹنٹ کمشنر شرقپور بلال زبیر کے ہمراہ تحصیل شرقپور کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ نے شرقپور بازار بیوٹیفکیشن منصوبے، اپر چناب نہر اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی کاموں، انتظامی اقدامات اور مون سون کے پیش نظر حفاظتی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

شرقپور بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کے معائنے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تمام تعمیراتی سرگرمیوں میں معیاری میٹریل اور انجینئرنگ اصولوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد سے متعلق منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، ناقص معیار یا غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی اور تمام متعلقہ محکمے مقررہ اہداف کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے افسران کے ساتھ اپر چناب نہر کا دورہ کیا، جہاں پانی کے بہاؤ، حفاظتی پشتوں، حساس مقامات اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ افسران نے نہری نظام کی موجودہ صورتحال، نگرانی کے طریقہ کار اور ہنگامی پلان کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران نہر اور حفاظتی بندوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی یقینی بنائی جائے، حساس مقامات پر عملہ اور مشینری ہر وقت تیار رکھی جائے، پانی کی سطح میں غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اس لیے تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ پیشگی حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنائیں، ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کریں اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن انتظام مکمل رکھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *