بہاولنگر: نئی آبادی قریش کالونی میں پانی کا سنگین بحران، متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، افسران دفاتر تک محدود، شہریوں کی فریاد سننے والا کوئی نہیں! خبر شامل کرتے ہیں بہاول نگر سے ہمارے سٹی رپورٹر ملک عاقب مشتاق سے) بہاولنگر نئی آبادی قریش کالونی میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ شہری بنیادی انسانی ضرورت پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، مگر افسوس کہ ذمہ دار اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
گھروں میں پانی نہ ہونے کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ شدید اذیت سے دوچار ہیں۔ سوال یہ ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے ادارے آخر کس ذمہ داری کے تحت کام کر رہے ہیں؟ کیا افسران صرف دفتری کارروائیوں اور کاغذی دعوؤں تک محدود رہیں گے؟ کیا عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری نہیں؟
آخر کب تک شہری پانی جیسی بنیادی سہولت کے لیے خوار ہوتے رہیں گے اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے رہیں گے؟
اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر قریش کالونی میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور غفلت کے ذمہ داران کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عوام کو بیانات نہیں، پانی چاہیے!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *