بلدیہ آفس بہاولنگر میں انتظامی غفلت کی انتہا، رجسٹریشن برانچ کے سامنے سیوریج پائپ لیک، صفائی کے دعوے کرنے والے افسران اپنے ہی دفتر کی حالت نہ سنوار سکے، بلدیہ افسران کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان!
خبر شامل کرتے ہیں بہاول نگر سے ہمارے سٹی رپورٹر ملک عاقب مشتاق سے۔
بہاولنگر بلدیہ آفس کے اندر رجسٹریشن برانچ کے عین سامنے سیوریج پائپ کی لیکیج نے متعلقہ افسران کی انتظامی نگرانی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ صورتحال اس قدر افسوس ناک ہے کہ شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے ذمہ دار افسران اپنے ہی دفتر میں سیوریج کی خرابی دور کروانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ محض ایک پائپ کی لیکیج نہیں بلکہ متعلقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کا ایسا منظر ہے جو دفتری کارکردگی کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے۔ اگر بلدیہ افسران کی نظروں کے سامنے ان کے اپنے دفتر میں یہ صورتحال برقرار ہے تو پھر شہری علاقوں میں صفائی کے مسائل کون حل کرے گا؟آخر بلدیہ کے ذمہ دار افسران کب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے؟ کیا عوام کو صرف صفائی کے دعوے سننے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے؟
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ افسران کی اس غفلت کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور سیوریج پائپ کی لیکیج فوری طور پر درست کروائی جائے
