بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان، آندھی اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی راجستھان اور اس سے ملحقہ شمالی گجرات کے علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جو آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مغرب یا جنوب مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کے حالات میں تبدیلی متوقع ہے۔
منگل کے موسم کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
اس دوران کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ آندھی اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز بھی بارش متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو بھی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔
کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
پنجاب میں سب سے زیادہ بارش منڈی بہاؤالدین میں 41 ملی میٹر اور گجرات میں 30 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد کے بوکرا میں 42، گولڑہ میں 36، زیرو پوائنٹ میں 18، سید پور میں 14 اور ایئرپورٹ پر 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
راولپنڈی میں شمس آباد اور نیو کٹاریان کے مقامات پر 35، پیرودھائی میں 32 اور کچہری میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ سٹی میں 16، جہلم میں 14، منگلا میں 12 اور چکوال میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبر پختونخوا میں مالم جبہ میں 23، مہمند ڈیم میں 12، پاراچنار میں 4، پشاور ایئرپورٹ میں 4، پشاور سٹی میں ایک، لوئر دیر میں 3، اپر دیر میں 2، تخت بھائی میں 3، پٹن میں 2 اور بالاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سندھ کے علاقے مٹھی میں 14، ٹنڈو جام میں 5 جبکہ حیدرآباد سٹی میں 2 اور ایئرپورٹ پر ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ کشمیر کے مظفرآباد ایئرپورٹ پر 14 جبکہ شہر میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان کے بابوسر میں 5 اور استور میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
ملک کے گرم ترین مقامات
گزشتہ روز ملک کے بعض علاقوں میں شدید گرمی بھی برقرار رہی۔ لسبیلہ، نوکنڈی اور شہید بینظیر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میرپورخاص، سبی، دالبندین اور تربت میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
