ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے اسٹیل ٹاؤن کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر جاوید ابڑو کی گھر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہادت اور انکی اہلیہ کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے جناح اسپتال کا دورہ کیا اور واقعے کے حوالے سے متعلقہ افسران سے تفصیلات حاصل کیں۔
انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری، واقعے کی شفاف تحقیقات اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایات جاری کیں۔
پولیس چیف نے کہا کہ انسپکٹر جاوید ابڑو کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ کراچی پولیس اپنے بہادر افسر کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین
