پاکستان اور جرمنی کے 40.5 ملین یورو کے تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط
پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے تحت کئی اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق جرمن ترقیاتی بینک (KfW) کے اشتراک سے 9 نئے ترقیاتی پراجیکٹس پر کام شروع ہوگا، جن کا فوکس ماحولیاتی تبدیلی، سماجی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی جیسے کلیدی شعبے ہوں گے۔
معاہدے پر دستخط پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کیے، جبکہ جرمن حکومت کی نمائندگی سفیر اینا لیپل نے کی۔
تقریب کے دوران سیکرٹری اقتصادی امور نے جرمن حکومت اور کے ایف ڈبلیو کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری 1961 سے جاری ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے بعد پاکستان اور جرمنی کا مجموعی ترقیاتی پورٹ فولیو بڑھ کر تقریباً 550 ملین یورو تک پہنچ گیا ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ موسمیاتی چیلنجز اور توانائی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ ان منصوبوں کے فوائد براہِ راست عوام تک پہنچیں گے۔