رحیم یار خان کے علاقے جمال دین والی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خواہش اور پنجاب اسمبلی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حامی نہیں۔ انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
رحیم یار خان کے علاقے جمال دین والی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، جیے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔ خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سیاسی اور جمہوری سوچ رکھتے ہیں، صوبے کا قیام بھی جمہوری طریقے سے عمل میں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب کے عوام کی خواہش کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حامی نہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، مزدور اور کسان پریشان ہیں جبکہ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے روزگار کی تلاش میں ہیں۔ بزرگوں کو روٹی اور ادویات کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ وقت نفرت، تقسیم اور سیاسی انتقام کا نہیں بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
