اخترصدیقی ۔۔۔۔۔۔
وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے نے ایک بار پھر ملازمت کے ڈھانچے، معاہدوں کی نوعیت اور محنت کشوں کے حقوق سے متعلق اہم قانونی اور سماجی سوالات کو سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ اٹھارہ صفحات پر مشتمل یہ فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے تحریر کیا جس سے جسٹس روزی خان نے اتفاق کیا، جبکہ جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ قلمبند کیا۔ اکثریتی فیصلے کا لبِ لباب یہ ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم ازخود مستقل ہونے کا حق دار نہیں، اور محض طویل ملازمت یا نو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے سے ریگولرائزیشن کا حق پیدا نہیں ہوتا۔ عدالت کے مطابق جب تنخواہ اور برطرفی کا معاملہ کنٹریکٹر سے وابستہ ہو اور متعلقہ ادارہ، جیسا کہ اس مقدمے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، براہِ راست تنخواہ ادا نہ کرتا ہو، تو تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے فرد کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا خود معاہدے کی نفی کے مترادف ہے۔ اکثریتی رائے کے مطابق کسی واضح قانون یا پالیسی کے بغیر ریگولرائزیشن کا حق نہیں بنتا اور عدالت کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ ملازم کو مستقل کرنے کا حکم دے، اسی بنیاد پر این آئی آر سی اور ہائی کورٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دیا گیا۔
دوسری جانب جسٹس ارشد حسین شاہ کا اختلافی نوٹ اس معاملے کے ایک بالکل مختلف زاویے کو نمایاں کرتا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ صرف کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی یا آؤٹ سورسنگ کا لیبل لگا دینے سے کسی ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں ہو سکتے اور زمینی حقائق و شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ آئین کے آرٹیکل تین، چار اور پچیس کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئینی و قانونی تحفظات کو محض معاہدوں کے ذریعے بے اثر نہیں کیا جا سکتا اور اس تناظر میں این آئی آر سی اور ہائی کورٹ کے فیصلے درست تھے جن میں مداخلت کا جواز نہیں بنتا تھا۔
یہ دو متوازی آئینی نقطہ ہائے نظر اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہمارے ہاں روزگار کے بدلتے ہوئے ماڈلز نے قانون اور انصاف کے درمیان ایک نازک توازن پیدا کر دیا ہے۔ ایک طرف معاہداتی آزادی، ادارہ جاتی حدود اور قانونی اختیار کا سوال ہے تو دوسری طرف برسوں تک ایک ہی ادارے کے لیے کام کرنے والے ملازم کا معاشی تحفظ اور آئینی برابری کا تصور ہے۔ جب تک قانون سازی اور پالیسی سازی میں آؤٹ سورسنگ اور کنٹریکٹ ملازمتوں کے حدود و قیود کو مزید واضح نہیں کیا جاتا، تب تک ایسے فیصلے عدالتوں کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی مباحثوں میں بھی ایک اہم حوالہ بنے رہیں گے۔
