مولانا کے ساتھ صلح اور دوستی کی کوششیں ایک بار پھر تیز ہو گئی ہیں۔ گزشتہ روز چینی سفیر نے مولانا کی رہائش گاہ پر ان سے خصوصی ملاقات کی، جسے سیاسی حلقوں میں مفاہمت کی کوششوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ بظاہر یہ ملاقات مولانا کو اعتماد میں لینے اور موجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کی ایک مثبت کوشش ہے۔
چین پاکستان کا ایسا دیرینہ اور ناقابلِ فراموش دوست ہے جو مشکل سے مشکل حالات میں بھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑتا۔ چاہے معاملہ داخلی سیاسی صورتحال کا ہو یا بین الاقوامی چیلنجز کا، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا نظر آیا ہے۔ اب موجودہ داخلی سیاسی صورتحال میں بھی چینی سفیر کی مولانا کی رہائش گاہ پر آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ چین پاکستان میں سیاسی استحکام اور مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بھی عندیہ دیا ہے کہ وزیراعظم اور حکومت کا ایک وفد باقاعدہ طور پر مولانا سے ملاقات کرے گا اور ان کا مؤقف اور تحفظات سنے گا۔ جس کا مقصد انہیں اعتماد میں لینا، ان کے تحفظات دور کرنا اور موجودہ صورتحال کو مذاکرات، افہام و تفہیم اور ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
بلاشبہ چینی سفیر کی کوششیں ہوں یا حکومتی سطح پر رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ، یہ تمام اقدامات خوش آئند ہیں۔ ملک کو مزید سیاسی انتشار اور محاذ آرائی سے بچانے کے لیے ایسے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ اگر مولانا کے کچھ تحفظات، خدشات اور اشکالات ہیں تو انہیں سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے اور حتی الامکان انہیں دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، نہ کہ ان کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جائے یا الزامات کی بوچھاڑ کرکے حالات کو مزید کشیدہ کیا جائے۔
مولانا ایک سیاسی جماعت کے سربراہ نہیں بلکہ ملک کے ایک اہم قومی اور دینی رہنما ہیں۔ ان کا ایک وسیع سیاسی، مذہبی اور سماجی حلقۂ اثر ہے۔ ملکی سیاست اور قومی معاملات میں ان کے کردار اور خدمات سے انکار ممکن نہیں۔ وہ وفاق کی علامت اور قومی سیاست کا ایک اہم حصہ ہیں۔ اس لیے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کا تقاضا ہے کہ انہیں مزید سیاسی تنقید اور کردارکشی کا نشانہ بنانے کے بجائے اعتماد میں لیا جائے اور ان کے تحفظات دور کرکے مفاہمت کی راہ ہموار کی جائے۔تاہم اس تمام صورتحال میں ایک اہم سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ مولانا کے ساتھ مفاہمت اور رابطوں کی ان کوششوں میں مقتدرہ کی خواہش اور مرضی بھی شامل ہے یا یہ تمام معاملات ان کی مرضی کے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں یہ ایک اہم نکتہ ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ پاکستان کی سیاست میں مقتدرہ کے کردار اور اثرات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر واقعی ملک میں سیاسی استحکام مطلوب ہے تو تمام متعلقہ قوتوں کو ایک ہی سمت میں سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
دوسری طرف مولانا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی کے لیے ملک کے ممتاز علماء کرام، دینی شخصیات اور مذہبی رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ شب مفتی اعظم پاکستان اور وفاق المدارس العربیہ کے صدر مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے وفد کے ہمراہ مولانا کی رہائش گاہ پر حاضری دی اور ان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کو مولانا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی سیاسی و دینی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ملک کے عظیم دینی ادارے جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے ناظم مولانا امداد اللہ نے بھی مولانا کی رہائش گاہ پر حاضری دی اور ان سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مولانا اس مشکل سیاسی صورتحال میں تنہا نہیں ہیں بلکہ ملک کے ممتاز علماء کرام، دینی مدارس کے ذمہ داران اور مذہبی حلقے بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ بلاشبہ ان کی پشت پر لاکھوں علماء، طلبہ اور دینی مدارس کا ایک وسیع حلقہ موجود ہے۔
ایسے حالات میں حکومت اور مقتدرہ سمیت تمام سیاسی قوتوں کو عقل، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کسی بھی قومی رہنما کو دیوار سے لگانا، اس کے خلاف محاذ آرائی کرنا اور اس کی کردارکشی کی مہم چلانا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہو سکتا۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن اختلاف کو دشمنی اور محاذ آرائی میں تبدیل کرنا قومی وحدت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
مولانا کے ساتھ اگر کوئی زیادتی ہوئی ہے یا ان کے سیاسی کردار اور سرگرمیوں کی راہ میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں تو ان کا ازالہ ہونا چاہیے۔ ان کے تحفظات کو دور کرکے انہیں قومی دھارے میں باعزت اور مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ ملک کو اس وقت مزید سیاسی کشیدگی نہیں بلکہ اتحاد، اتفاق اور مفاہمت کی ضرورت ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ پاکستان پہلے ہی معاشی، سیاسی اور داخلی چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایسے میں کسی بڑے سیاسی اور دینی رہنما کے ساتھ محاذ آرائی ملک کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ لہٰذا دانش مندی کا تقاضا یہی ہے کہ تمام اختلافات کو مذاکرات کی میز پر حل کیا جائے، ایک دوسرے کے مؤقف کا احترام کیا جائے اور قومی مفاد کی ذاتی، جماعتی اور سیاسی مفادات پر ترجیح دی جائے۔ کیونکہ پاکستان کی مضبوطی، سلامتی اور استحکام اسی میں ہے کہ تمام قومی قوتیں ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلیں۔
