سب اسٹیشن ریسکیو 1122 چوآ سیدن شاہ میں انٹرا ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز سکلز مقابلے کا انعقادسیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چکوال انجینئر حمزہ علی خان کی زیر نگرانی سب اسٹیشن ریسکیو 1122 چوآ سیدن شاہ، ضلع چکوال میں انٹرا ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (CERT) سکلز مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ مقابلے میں ضلع بھر کی مختلف تحصیلوں سے تعلق رکھنے والی تربیت یافتہ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے بھرپور شرکت کی تقریب کے مہمان خصوصی چیف وارڈن سول ڈیفنس راجہ مجاہد افسر تھے، جبکہ اس موقع پر سینئر صحافی برہان غنی، عظمت حیات شیرازی، راجہ مزمل اور دیگر میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے مقابلے اور ریسکیو 1122 کی کمیونٹی سیفٹی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا مقابلے میں ریسکیو 1122 کلر کہار، چوآ سیدن شاہ، تحصیل چکوال، تحصیل لاوہ اور تحصیل تلہ گنگ کی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے اپنے اپنے دستوں کے ہمراہ بھرپور حصہ لیا۔ مقابلے کے دوران رضاکاروں کی عملی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ مہارتوں، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور ہنگامی حالات میں مؤثر رسپانس کی صلاحیتوں کو مختلف عملی مشقوں کے ذریعے جانچا گیا مشقوں میں متاثرین کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، عمارتوں میں پھنسے افراد کی تلاش و بحالی اور پانی میں ڈوبنے والے افراد کو ریسکیو کرنے جیسی اہم سرگرمیاں شامل تھیں۔ شرکاء نے مختلف ہنگامی صورتحال میں اپنی تربیت، مہارت اور عملی قابلیت کا بہترین مظاہرہ کیاڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر حمزہ علی خان اور ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں نے تمام ٹیموں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور مقابلے میں حصہ لینے والے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انجینئر حمزہ علی خان نے کہا کہ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز پروگرام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ بنانا ہے، تاکہ کسی بھی حادثے، قدرتی آفت یا ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کی آمد سے قبل مؤثر اقدامات کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے کمیونٹی رضاکاروں کی عملی صلاحیتوں میں اضافہ، باہمی تعاون کا فروغ اور ہنگامی حالات میں فوری و مؤثر رسپانس کی استعداد کار بہتر ہوتی ہے۔
مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم نیشنل CERT چیلنج میں ضلع چکوال کی نمائندگی کرے گی، جہاں پنجاب بھر کی بہترین کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ریسکیو 1122 چکوال کمیونٹی سیفٹی، عوامی آگاہی اور رضاکارانہ تربیت کے ذریعے محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔
