جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں تھانہ میرپور برڑو کی حدود میں مبینہ پرانے تنازع پر مسلح افراد نے گھر پر حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں برڑو قبیلے سے تعلق رکھنے والے 80 سالہ بزرگ رئیس جئیند برڑو جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ٹھل کے تھانہ میرپور برڑو کی حدود گاٶں جیئند برڑو میں مسلح افراد نے مبینہ پرانی دشمنی کی بنا پر رئیس جئیند برڑو کے گھر پر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 80 سالہ رئیس جئیند برڑو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ مقتول کی لاش تعلقہ اسپتال ٹھل منتقل کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے، تاہم ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر برڑو برادری کے چیف سردار صدام حسین خان برڑو بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر آدمانی برڑو برادری کے ساتھ بھی تنازع چل رہا تھا، مسلح افراد نے گھر پر حملہ کرکے تقریباً دو سے تین سو فائر کیے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
