ریاست کی مضبوطی، سلامتی اور استحکام کے لیے قومی اداروں اور قومی سطح کی سیاسی قیادت کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہوتی ہے۔ خصوصاً مولانا فضل الرحمٰن اور مقتدرہ کے درمیان ناراضگی، بداعتمادی یا خلیج کا بڑھنا قومی مفاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ دونوں اپنے اپنے دائرے میں ریاستی استحکام اور قومی وحدت کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ جس طرح فوج کسی بھی ریاست کی دفاعی سلامتی اور بقا کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسی طرح بعض قومی سیاسی شخصیات بھی وفاقی وحدت اور قومی یکجہتی کی علامت بن جاتی ہیں۔ ایسی شخصیات کا کردار سیاسی جماعت یا انتخابی سیاست تک محدود نہیں ہوتا بلکہ وہ مختلف طبقات، علاقوں اور نظریات کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا شمار بھی ایسی ہی سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں سے ملکی سیاست، پارلیمانی جمہوریت اور قومی معاملات میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ وہ نہ صرف ایک بڑی مذہبی و سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں بلکہ ان کے اثرات ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ان کی جماعت اور ان کے سیاسی و مذہبی حلقوں کو عوامی حمایت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملکی سیاست میں ان کی حیثیت کو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر دیکھنا درست نہیں ہوگا۔
پاکستان کی تاریخ میں کئی ایسے مواقع آئے جب ملک کو سیاسی عدم استحکام، داخلی انتشار اور پڑوسی ممالک کے ساتھ کشیدہ تعلقات جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ افغانستان ہو، بھارت ہو یا ایران، ان ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے قومی سطح پر سیاسی قیادت اور مذہبی حلقوں کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی مختلف مواقع پر ان معاملات میں اپنا نقطۂ نظر پیش کیا اور سیاسی و سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی سرگرمیاں ملکی سیاست سے آگے بڑھ کر عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی نمائندگی تک بھی پہنچی ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی زندگی کا ایک اہم پہلو آئین پاکستان، پارلیمانی جمہوریت اور جمہوری نظام کے ساتھ ان کی وابستگی ہے۔ بالخصوص نائن الیون کے بعد جب پاکستان کو دہشت گردی، مسلح گروہوں اور داخلی بدامنی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت ملک کے اندر ایک غیر معمولی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔ ایسے ماحول میں مولانا نے مذہبی قیادت اور علماء کو آئینی پاکستان کے ساتھ کھڑا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ان کے مؤقف کے مطابق ریاست کے اندر مسلح جدوجہد اور تشدد کے ذریعے اپنے مطالبات منوانے کا راستہ اختیار کرنا درست نہیں تھا۔ ان کے اس سیاسی اور مذہبی مؤقف نے ان کے حامیوں اور وابستہ مذہبی حلقوں میں آئینی و پارلیمانی نظام کی حمایت کو تقویت دی۔جس کےنتیجےمیں مولانا فضل الرحمٰن کو اپنی سیاسی زندگی میں شدید خطرات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان پر متعدد مرتبہ خودکش اور قاتلانہ حملے ہوئے، جن میں وہ محفوظ رہے۔ انتخابی سیاست کے دوران بھی انہیں مختلف مشکلات اور پابندیوں کی شکایات رہی ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے سیاسی میدان میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ان حالات کو سامنے رکھا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ان کے سیاسی کردار، مؤقف اور ریاست کے ساتھ تعلقات کو سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ اختلافات اپنی جگہ، لیکن ان کے سیاسی کردار اور ان کے زیراثر مذہبی و سیاسی حلقوں کو نظرانداز کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہوگا۔ ان کے ساتھ لاکھوں افراد کی سیاسی، فکری اور مذہبی وابستگی ہے۔ اگر یہ حلقے آئین اور پارلیمانی نظام کے ساتھ جڑے رہتے ہیں تو اس میں قومی استحکام کا ایک اہم پہلو موجود ہے۔ لہٰذا ان کے ساتھ تعلقات میں تلخی کے بجائے مکالمے اور مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔اگر مولانا فضل الرحمٰن کو حکومت یا ریاستی اداروں سے کوئی تحفظات، شکایات یا غلط فہمیاں ہیں تو انہیں سنجیدگی کے ساتھ سنا جانا چاہیے۔ پارلیمنٹ عوامی نمائندگی کا سب سے اہم فورم ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمانی نمائندوں کو اعتماد میں لے۔ جب عوامی نمائندے ہی خود کو غیر مطمئن اور نظرانداز محسوس کریں گے تو اس کا اثر جمہوری عمل اور سیاسی استحکام پر بھی پڑے گا۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ سیاسی قیادت کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا مؤثر نظام قائم رکھیں۔
افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ سیاسی اختلافات کو مکالمے کے ذریعے حل کرنے کے بجائے بعض اوقات میڈیا اور سوشل میڈیا پر الزام تراشی اور کردار کشی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت کے حوالے سے بھی مختلف الزامات اور تنقید سامنے آتی رہی ہے۔ ان کی چار دہائیوں پر محیط سیاسی زندگی میں متعدد مرتبہ مختلف نوعیت کے الزامات لگائے گئے، تاہم کسی بھی الزام کو محض سیاسی بیانات کی بنیاد پر حقیقت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کسی معاملے میں کوئی قانونی یا مالی بے ضابطگی ہے تو اس کا فیصلہ متعلقہ قانونی فورمز پر شواہد اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے، نہ کہ میڈیا ٹرائل کے ذریعے۔اسی طرح مولانا، ان کے صاحبزادے یا ان کی جماعت سے متعلق کسی بھی معاملے میں ایف آئی اے، سائبر کرائم،نیب, سی ڈی اے یا دیگر سرکاری اداروں کی کارروائیوں کو سیاسی انتقام یا دباؤ کا ذریعہ بننے کے تاثر سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ اگر کوئی قانونی معاملہ موجود ہے تو اسے شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔ کسی بھی سیاسی شخصیت کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے، جبکہ سیاسی اختلاف کو انتظامی دباؤ اور ذاتی حملوں میں تبدیل کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
یہ بات بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے کسی بیان، سیاسی مؤقف یا پالیسی سے اختلاف کیا جا سکتا ہے۔ جمہوریت میں اختلاف رائے ہر شہری اور سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے۔ ان کے مؤقف کا سیاسی اور جمہوری انداز میں جواب دیا جا سکتا ہے، لیکن ذاتی حملوں، غیر مصدقہ الزامات اور کردار کشی سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتے ہیں۔ سیاسی اختلاف کو دشمنی میں تبدیل کرنا کسی بھی طور قومی مفاد میں نہیں۔ملک اس وقت داخلی اور خارجی سطح پر متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے دہشت گردی، معاشی مشکلات، سیاسی بے یقینی، صوبائی مسائل اور علاقائی کشیدگی جیسے معاملات قومی یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی کے متقاضی ہیں۔ ایسے حالات میں قومی سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رکھنا ناگزیر ہے۔ خصوصاً مولانا فضل الرحمٰن جیسی سیاسی و مذہبی حیثیت رکھنے والی شخصیت کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے۔
خیبرپختونخوا، بلوچستان,گلگت,کشمیر اور سندھ سمیت جن علاقوں میں مولانا فضل الرحمٰن اور ان کی جماعت کو عوامی حمایت حاصل ہے، وہاں سیاسی نمائندگی اور جمہوری سرگرمیوں کے حوالے سے انہیں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ سیاسی میدان میں کسی جماعت یا رہنما کے لیے رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے شفاف، منصفانہ اور آئینی سیاسی عمل کو یقینی بنانا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔
قومی مفاد کا تقاضا محاذ آرائی نہیں بلکہ مفاہمت ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اگر کوئی ناراضگی، غلط فہمی یا اختلاف موجود ہے تو اسے مذاکرات کی میز پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں حکومت، پارلیمنٹ اور متعلقہ ریاستی حلقے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ قومی معاملات میں انا، ضد اور غیر ضروری تلخیوں کے بجائے افہام و تفہیم کو ترجیح دینی چاہیے۔
کیونکہ ریاست صرف اداروں سے نہیں بلکہ عوام، آئین، جمہوریت اور قومی قیادت کے باہمی اعتماد سے مضبوط ہوتی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی حیثیت اور ان کے عوامی و مذہبی حلقوں میں اثرورسوخ کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے ساتھ بامقصد مکالمہ وقت کی ضرورت ہے۔ ملک کو اس وقت مزید سیاسی تقسیم اور انتشار کی نہیں بلکہ قومی وحدت، سیاسی استحکام اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کے بہتر مستقبل اور مضبوط وفاق کی ضمانت بن سکتا ہے۔
