ملک کےمعروف فلاحی ادارے الخیر ٹرسٹ ,پاکستان سوسائٹی آف فزیشن,یونائیٹڈمیڈیکل فاؤنڈیشن,اورکراچی میڈیکل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام کراچی کے گنجان آباد اور پسماندہ علاقے مچھر کالونی لیاری میں ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے سینکڑوں غریب اور مستحق مریضوں نے مستند اور ماہر ڈاکٹروں سے مفت طبی معائنہ اور فری ادویات حاصل کیں۔ میڈیکل کیمپ کے ذریعے محلے کے مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر تمام تر طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی گئیں۔کیمپ کے دوران غریب اور مستحق بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی ترجیحی بنیادوں پر بلڈپریشر, شوگر ٹیسٹ، مختلف قسم کے ایکسرے اور دیگر ضروری لیبارٹری ٹیسٹ بھی مکمل طور پر مفت انجام دیے گئے۔ الخیر ٹرسٹ کے چیئرمین محمد طاہر انصاری نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، وہاں موجود سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو کیمپ کی تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے الخیر ٹرسٹ کی گراں قدر انسانی خدمات سےمیڈیاکوآگاہ کیا
چیئرمین طاہر انصاری نےکہا کہ الخیر ٹرسٹ بلا تفریقِ رنگ و نسل، دین و مذہب صرف اور صرف رضائے الٰہی اور انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے کے تحت مستحق اورسفیدپوش خاندانوں کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ اس موقع پرٹرسٹ کےہیلتھ ڈپارٹمنٹ ڈائیریکٹرڈاکٹرموسی ڈاکٹرعبیدالرحمن بھی موجودتھے طاہرانصاری نےکہا کہ الخیر ٹرسٹ ہمیشہ سے مظلوم، غریب اور متاثرہ افراد کی مدد اور ان کی بحالی کے لیے کوشاں رہا ہے اور مچھر کالونی میں قائم کیا جانے والا یہ فری میڈیکل کیمپ بھی اسی عزم اور کاوشوں کی ایک اہم کڑی ہے۔
