بہاولنگر: چک نتھے والی میں اسٹیٹ لائف پالیسی کے نام پر مبینہ مالی فراڈ کا معاملہ، متاثرہ شہری محمد نذیر کھرل کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
خبر
بہاولنگر کے نواحی علاقے چک نتھے والی میں اسٹیٹ لائف پالیسی کے نام پر مبینہ مالی بے ضابطگی کا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں متاثرہ دیہاڑی دار مزدور محمد نذیر کھرل نے اپنی جمع پونجی اور اصل دستاویزات کی واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
محمد نذیر کھرل کے مطابق سوائی والا کے رہائشی منصب وٹو نے اسٹیٹ لائف پالیسی کے سلسلے میں ان سے ماہانہ سات ہزار روپے کے حساب سے تین اقساط وصول کیں۔ متاثرہ شہری کا الزام ہے کہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ان کے اصل کاغذات مبینہ طور پر اپنے قبضے میں رکھ لیے گئے، جبکہ چیک بک کا ایک چیک بھی اپنے پاس رکھ لیا گیا۔
متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ان کی رقم اور دستاویزات واپس دلائی جائیں اور الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے
