نیومری میٹرو اسٹیشن پر تعمیراتی کام گزشتہ ایک ماہ سے زیرِ التوا اور سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث اسٹیشن کے اطراف کیچڑ اور جگہ جگہ کھڑا پانی شہریوں اور سیاحوں کے لیے وبالِ جان بن گیا ہے۔ مسافروں کو نہ مناسب بیٹھنے کی سہولت میسر ہے اور نہ ہی بارش اور پانی سے بچاؤ کے لیے کوئی مناسب انتظام موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیومری میٹرو اسٹیشن پر تعمیراتی کام گزشتہ ایک ماہ سے مکمل رفتار کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکا، جبکہ اسٹیشن کے اطراف بارش کا پانی جمع ہونے سے کیچڑ پھیل گیا ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والے شہریوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جمع پانی کے باعث مچھروں کی افزائش اور ڈینگی لاروا پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں کے لیے بیٹھنے اور انتظار کرنے کی مناسب سہولت بھی موجود نہیں۔
اہلیانِ علاقہ اور اسٹیشن پر موجود سیاحوں نے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو تعمیراتی کام تیز کرنے، پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام کرنے اور مسافروں کے لیے بنیادی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جائیں۔
