اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے پاکستان کے امریکی ڈالر میں یورو بانڈ کے اجرا کے لیے ابتدائی عمل شروع کردیا ہے، جس کے تحت 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے بانڈز کی پیشکش کی جارہی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یورو بانڈ کے حتمی اجرا کا فیصلہ عالمی مالیاتی منڈی کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ عرصے کے دوران بہتری کا رجحان برقرار رہا ہے۔ معاشی اشاریوں میں استحکام اور بنیادی اقتصادی عوامل میں بہتری کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق عالمی کیپٹل مارکیٹ میں دوبارہ قدم رکھنا پاکستان کے لیے اہم پیش رفت ہوگی۔ یورو بانڈ کا ممکنہ اجرا بیرونی سرمایہ کاری کے حصول اور بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
5 اور 10 سالہ یورو بانڈز
وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مرحلے میں 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے بانڈز کے لیے مارکیٹ میں پیشکش کا عمل جاری ہے۔ حتمی شرائط، حجم اور اجرا کا فیصلہ عالمی مارکیٹ کے حالات اور دستیاب مواقع کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق عالمی کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان کی واپسی سے ملک کی مالیاتی پوزیشن کے بارے میں عالمی سرمایہ کاروں کو ایک مثبت پیغام بھی مل سکتا ہے۔
