پاکستان میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان، بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اورگھن گرج کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
موسمی صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں براعظمی ہوائیں اثر انداز ہیں، جبکہ کمزور مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر موجود ہے۔
ہفتہ کو موسم کیسا رہے گا؟
ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے باعث بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے دوران بعض علاقوں میں موسم میں عارضی بہتری بھی آسکتی ہے۔
اتوار کی موسم کی پیشگوئی
اتوار کے روز بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کہاں بارش ہوئی؟
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کے شمس آباد میں 25 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 19 ملی میٹر اور پیرودھائی میں ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
اسلام آباد کے سیدپور ولیج میں 7 ملی میٹر، گولڑہ میں 3 ملی میٹر اور زیرو پوائنٹ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مری میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت
گزشتہ روز ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی بھی برقرار رہی۔ چلاس اور دالبندین میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
نورپور تھل، دادو، نوکنڈی اور بونجی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کی سرگرمیاں دیکھنے میں آسکتی ہیں۔
