ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور سیاست دان کنگنا رناوت کی ایک نئی سوشل میڈیا پوسٹ نے مداحوں اور صارفین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اگرچہ انہوں نے اپنی تنقید میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے تبصروں کو سوشل میڈیا پر مختلف انداز سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی شخص کو اس کی جسمانی ساخت یا ظاہری شکل کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانے کی حامی نہیں ہیں۔ تاہم، اسی پوسٹ میں انہوں نے ایک اداکارہ کے لباس، اندازِ گفتگو اور عوامی رویے پر بالواسطہ تنقید بھی کی۔

اپنی پوسٹ میں کنگنا نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ اداکارہ کا موجودہ لباس اور اندازِ گفتگو ان کی سابقہ شخصیت سے مختلف دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اداکارہ کا موجودہ اسٹائل انہیں کسی “جیب کترے” کی یاد دلاتا ہے، جبکہ یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ حالیہ احتجاجی سرگرمیوں کی حمایت کرتی رہی ہیں۔

کنگنا نے مزید لکھا کہ ماضی میں متعلقہ اداکارہ زیادہ باوقار لباس اور متوازن اندازِ گفتگو کے لیے جانی جاتی تھیں، لیکن اب ان کے انداز میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اداکارہ چاہیں تو وہ ان کے اسٹائل سے متعلق رہنمائی دینے کے لیے تیار ہیں۔

اگرچہ کنگنا رناوت نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا، لیکن متعدد سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں کرتے ہوئے ان کے اشاروں کو اداکارہ سوناکشی سنہا سے جوڑ دیا۔ اس حوالے سے نہ تو کنگنا نے کسی نام کی تصدیق کی ہے اور نہ ہی سوناکشی سنہا کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سوناکشی سنہا نے دہلی کے جنتر منتر میں ہونے والے طلبہ احتجاج کے حوالے سے متعدد ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے مظاہرین کے حق میں اظہارِ یکجہتی کیا تھا اور نوجوان نسل کے کردار کو سراہا تھا۔ انہی ویڈیوز میں ان کے لباس اور احتجاج سے متعلق مؤقف کو بنیاد بنا کر بعض صارفین نے کنگنا کی حالیہ پوسٹ کو سوناکشی سنہا سے منسوب کیا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق موجود نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *