بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکاروں نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مشہور ٹرینڈ “تیری گلیوں میں محبت ہوگی” کو اپنے منفرد انداز میں پیش کر کے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔

یہ ٹرینڈ ابتدا میں ایک عوامی احتجاج کے دوران مقبول ہوا تھا، جس کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں صارفین نے اس کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز شیئر کیں۔ اب یہی رجحان فلمی دنیا تک بھی پہنچ گیا ہے۔

حال ہی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے تجربہ کار اداکار انوپم کھیر، بومن ایرانی، رنویر شوری اور پروین ڈباس ایک مشترکہ ویڈیو میں اس ٹرینڈ کو اپنے مخصوص انداز میں دہراتے نظر آئے۔ ویڈیو سامنے آتے ہی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگی اور مداحوں نے اسے خوب سراہا۔

چاروں اداکاروں نے روایتی انداز سے ہٹ کر قدرتی اندازِ اداکاری، دوستانہ ماحول اور ہلکے پھلکے مزاح کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ کی۔ گانے کے ساتھ ان کے دلچسپ تاثرات اور غیر رسمی لپ سنک نے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی اصل کشش اس کی سادگی اور بے ساختگی ہے۔ اداکاروں نے اسے حد سے زیادہ ایڈٹ یا پرفیکٹ بنانے کے بجائے قدرتی انداز میں پیش کیا، جس کی وجہ سے یہ ویڈیو دیکھنے والوں کے لیے زیادہ دلکش اوراصلی محسوس ہو رہی ہے۔ متعدد صارفین نے تبصروں میں اسے تفریح سے بھرپور اور خوشگوار لمحہ قرار دیتے ہوئے چاروں فنکاروں کی کیمسٹری کو بھی سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *