گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا کے درمیان طلاق کی افواہوں نے زور پکڑ لیا، جس پر ان کی بیٹی ٹینا آہوجہ نے ذہنی پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی ازدواجی زندگی سے متعلق چلنے والی افواہوں پر ان کی بیٹی ٹینا آہوجا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبریں انہیں متاثر ضرور کرتی ہیں، تاہم اب وہ ان باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں 36 سالہ ٹینا آہوجا نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے والدین کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں اور غیر مصدقہ خبریں سنتی آ رہی ہیں۔
ان کے مطابق اکثر ایسی رپورٹس حقیقت پر مبنی نہیں ہوتیں بلکہ انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، جس کے باعث ذہنی دباؤ بھی محسوس ہوتا ہے۔
ٹینا آہوجا نے کہا کہ وقت کے ساتھ انہوں نے سیکھ لیا ہے کہ ایسی افواہوں پر ردعمل دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرنا بہتر ہے، کیونکہ یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ایسی خبریں صرف پرنٹ میڈیا تک محدود تھیں، لیکن اب سوشل میڈیا کے باعث یہ زیادہ تیزی سے پھیل جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شوبز سے وابستہ افراد کو ہمیشہ اس طرح کی صورتحال کا سامنا رہتا ہے، اس لیے انہیں ذہنی طور پر مضبوط رہنا پڑتا ہے۔