کراچی: ہاکس بے پر ڈوبنے والے 16 سالہ نوجوان کی لاش برآمد

کراچی: ہاکس بے سینڈز پٹ کے مقام پر سمندر میں ڈوبنے والے 16 سالہ نوجوان مزمل کی لاش مل گئی۔ ایدھی کے غوطہ خوروں نے لاش سمندر سے نکالی، جس کے بعد اسے ایمبولینس کے ذریعے ماڑی پور تھانے منتقل کیا گیا۔

ایدھی ترجمان عظیم کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت مزمل ولد ممتاز کے نام سے ہوئی ہے، جو بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن کی قائم خانی کالونی کا رہائشی تھا۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق مزمل جمعرات کو اپنے محلے کے چار سے پانچ دوستوں کے ہمراہ ہاکس بے تفریح کے لیے آیا تھا۔ اس دوران سمندر میں نہاتے ہوئے وہ گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ واقعے کے بعد اس کے دوست گھروں کو واپس چلے گئے، تاہم انہوں نے نوجوان کے ڈوبنے کے بارے میں فوری طور پر اہل خانہ کو آگاہ نہیں کیا۔

دوسری جانب مزمل کے دیر رات تک گھر واپس نہ پہنچنے پر اہل خانہ کو تشویش لاحق ہوئی۔ انہوں نے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرنا شروع کیں اور معلوم ہوا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ سمندر پر گیا تھا۔ اہل خانہ جب دوستوں کے گھروں پر پہنچے تو انہیں مزمل کے سمندر میں ڈوبنے کے واقعے کا پتا چلا۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد گھر والے نوجوان کے دوستوں کو ساتھ لے کر ہاکس بے پہنچے اور اس کی تلاش شروع کردی۔ صبح کے وقت نوجوان کی لاش ساحل کے قریب مل گئی، جسے ایدھی کے غوطہ خوروں نے نکال لیا۔

پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔ واقعے کے باعث اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

مزید خبریں پڑھنے کے لیے A1TV.pk وزٹ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *