پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت، جاپانی کمپنی کا سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ
اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے باعث پاکستان کے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
جاپان کی معروف کمپنی Sumitomo Corporation نے پاکستان کے معدنی وسائل، دستیاب ذخائر اور مستقبل میں شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان کے معدنی شعبے میں موجود مواقع کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔
پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے وسیع امکانات رکھتا ہے، جہاں مختلف اقسام کے معدنی ذخائر موجود ہیں۔ ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی، ان کے مفادات کے تحفظ، خصوصی سیکیورٹی انتظامات اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری عمل کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری سے متعلق رکاوٹوں کو کم کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
معدنی وسائل کی دستیابی کے ساتھ بہتر سرمایہ کاری سہولت کاری اور پالیسی استحکام پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور ان وسائل کو معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانے پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
ایس آئی ایف سی غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے، سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی کمپنیوں کی دلچسپی میں اضافہ ملک کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔ اگر معدنی وسائل کو جدید طریقوں سے ترقی دے کر شفاف اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی صنعتی پیداوار، برآمدات اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ممکن ہے۔
