پاکستانی آئی ٹی شعبہ عالمی مارکیٹ میں تیزی سے جگہ بنانے لگا

ملکی آئی ٹی برآمدات میں مسلسل بہتری کے باعث پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی بین الاقوامی مارکیٹ میں موجودگی مضبوط ہو رہی ہے۔ آئی ٹی اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت نے پاکستان کو عالمی ٹیکنالوجی کی صنعت میں ایک ابھرتے ہوئے ملک کے طور پر نمایاں کیا ہے۔

مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ٹی شعبے کی برآمدی سرگرمیوں میں اضافے سے ملک کو 2.91 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا، جس سے ملکی معیشت میں ٹیکنالوجی سیکٹر کے بڑھتے ہوئے کردار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں آئی ٹی سے متعلق کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے پاس آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز کے شعبے سے وابستہ 872 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں، ڈیجیٹل ایجنسیاں اور ای کامرس سے وابستہ ادارے بیرونِ ملک اپنے کاروباری دائرہ کار کو وسعت دے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں حال ہی میں 20 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ایک بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات کو عالمی کاروباری برادری کے سامنے پیش کیا۔

پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول میں ایس آئی ایف سی بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جدید مالیاتی نظام اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر نے عالمی سطح پر ادائیگیوں کی وصولی اور بین الاقوامی فنڈز کے مؤثر انتظام کے عمل کو بھی آسان بنایا ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، نئی ٹیک کمپنیوں کا قیام اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی توسیع پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک مضبوط بنیاد بن رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور عالمی مارکیٹ تک رسائی میں اضافے سے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی صلاحیت مزید بہتر ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *