ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، انتظامی امور اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہباب عالم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، مختلف وارڈز، فارمیسی اور دیگر اہم شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے علاج معالجے کے انتظامات، مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ صحت کی خدمات کے معیار کا اندازہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے ادویات سنٹر میں موجود ادویات کے ذخیرے، ریکارڈ اور میعاد استعمال کی جانچ بھی کی، جبکہ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگرورکر کی حاضری، کام کا شیڈول اور انتظامی نظم و ضبط کا بھی معائنہ کیا۔
ماہم آصف ملک نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان سے علاج، ادویات کی دستیابی، عملے کے رویے اور دیگر سہولیات سے متعلق براہِ راست رائے حاصل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسپتال میں صفائی، سینیٹیشن، ویٹنگ ایریاز اور مجموعی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، مریضوں کے لیے خوشگوار اور محفوظ ماحول برقرار رکھا جائے اور سرکاری پالیسی کے مطابق مفت اور معیاری ادویات کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، اس لیے سرکاری اسپتالوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا انتظامی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے مراکز کی باقاعدہ نگرانی کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور شہریوں کا سرکاری صحت کے نظام پر اعتماد مزید مضبوط کرنا ہے۔
