وزیراعظم کی بحری اصلاحات ٹاسک فورس کی کارکردگی، اہم اہداف حاصل
اسلام آباد: وزیراعظم کی بحری اصلاحات سے متعلق قائم ٹاسک فورس نے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات پر نمایاں پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے مقررہ اہداف کی بڑی تعداد مکمل کر لی ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق دسمبر 2024 میں قائم ہونے والی اصلاحاتی عملدرآمد کمیٹی میں وزارتِ دفاع، بحری امور، لاجسٹکس کے شعبے، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین کو شامل کیا گیا تھا تاکہ بحری شعبے میں مجوزہ اصلاحات پر مؤثر انداز میں کام کیا جا سکے۔
ٹاسک فورس نے مجموعی طور پر 99 اصلاحاتی سفارشات پیش کی تھیں، جن میں بندرگاہوں کی منصوبہ بندی، جہاز رانی، جہاز سازی، شپ ری سائیکلنگ اور ماہی گیری کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات شامل تھے۔
حکام کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال کے دوران 99 میں سے 85 ایکشن پوائنٹس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی 14 نکات میں سے 11 پر کام آخری مرحلے میں ہے۔ مزید تین اصلاحات پر طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت پیش رفت جاری ہے۔
مکمل ہونے والے اقدامات میں قومی بندرگاہوں کے ماسٹر پلان کی تیاری، یکساں پورٹ ٹیرف کا نفاذ، ٹرانزٹ ٹریڈ کے نظام میں بہتری، بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے کے منصوبے اور اقتصادی زونز کی نگرانی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی پورٹ کی اراضی سے تجاوزات کے خاتمے، ٹرانس شپمنٹ اور بنکرنگ سے متعلق کسٹمز قوانین میں بہتری، اور مقامی جہاز سازی و مرمت کی صنعت کے فروغ کے لیے بھی متعدد اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔