صدر زرداری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان آنے کی دعوت دے دی
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا کے یومِ آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا نے آزادی، جمہوری اقدار، اختراع اور مساوی مواقع کے اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے گزشتہ ڈھائی صدیوں میں عالمی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت نے اس موقع پر امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے ان کا خیرمقدم کریں گے۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور امن و استحکام کے فروغ کے عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے کر دوطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی کامیابیاں پاک امریکا تعلقات کے لیے مثبت سرمایہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔