سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کے دوران ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی آپریشن العزم کے تحت کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں سرگرم مسلح عناصر کے نیٹ ورک کو غیر مؤثر بنانا تھا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے مشتبہ ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار مسلح افراد مارے گئے۔

حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال کئی موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران متعدد دیگر مشتبہ افراد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ دہشت گردوں کی مبینہ معاونت کرنے والے کئی افراد کوگرفتار کر کے پوچھ گھچ شروع کر دی گئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ حساس مقامات پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور امن و امان کی بحالی تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *