لاہور: منی نادرا ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کا ڈیٹا فروخت کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ’منی نادرا‘ ویب سائٹ چلانے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

این سی سی آئی اے لاہور کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ارسلان اور علی رضا کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے تقریباً 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد کیا گیا ہے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے ایک کروڑ سے زائد شہریوں کی نجی اور حساس معلومات غیر قانونی طریقے سے حاصل کرکے ان کی خرید و فروخت کی۔ برآمد ہونے والے ڈیٹا میں سم کارڈ کی ملکیت اور رجسٹریشن کی تفصیلات، کال ڈیٹیل ریکارڈز (سی ڈی آرز)، سم ڈیٹا بیس اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ملزمان کے پاس موجود ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معلومات بھی موجود تھیں۔ ملزمان نے ’منی نادرا‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی قائم کر رکھی تھی، جہاں نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار افراد حساس معلومات کی غیر قانونی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ ’کھوجی‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی دینے کے معاملے میں بھی ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، جس کے بعد کیس میں مزید پیش رفت اور دیگر افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *