لاہور میں نازیبا تصاویر کے ذریعے خاتون کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور: لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے ایک خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم ایک عرصے سے متاثرہ خاتون کے مکان میں بطور کرایہ دار رہائش پذیر تھا۔ مبینہ طور پر ملزم کے پاس خاتون کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر موجود تھیں، جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ خاتون کو بلیک میل کرتا رہا۔

خاتون کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد لوئر مال پولیس نے فوری کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے سے متعلق شواہد بھی اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس پی سٹی فرحت عباس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کیسے حاصل کیں اور انہیں بلیک میلنگ کے لیے کس طرح استعمال کیا۔

ایس پی سٹی نے ملزم کی بروقت گرفتاری پر ایس ایچ او لوئر مال اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ہدایت کی کہ واقعے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے، بلیک میل کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے یا جنسی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی واضح کیا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد اور جنسی استحصال کے واقعات میں ملوث افراد کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمے میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *