عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست جمع کرا دی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا، جس پر ذمہ دار افراد کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔

درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ وہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کرایا جا سکے۔

درخواست میں عدالتی حکم پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کسی عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

یہ توہینِ عدالت کی درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت سے متعلقہ حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے کی سماعت سپریم کورٹ پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر چکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *