آریانا گرانڈے کا ٹرمپ ٹیم کو گانوں کے استعمال پر سخت پیغام
امریکی پاپ اسٹار آریانا گرانڈے نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے ان کی موسیقی استعمال کیے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی آفیشل ٹیم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے چند روز قبل ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی، جس میں آریانا گرانڈے کا معروف گانا ’وی کانٹ بی فرینڈز‘ شامل تھا۔
ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ریلی کے دوران اسٹیج کی طرف بڑھتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ ٹرانس جینڈر افراد اور خواتین کے کھیلوں میں شرکت سے متعلق سیاسی مؤقف بھی پیش کیا گیا۔
آریانا گرانڈے نے اس ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں ردعمل دیتے ہوئے اپنی موسیقی کے سیاسی استعمال پر اعتراض کیا۔ گلوکارہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کے گانے آئندہ استعمال نہ کیے جائیں اور ویڈیو میں پیش کیے گئے مؤقف کو درست قرار دینے پر بھی اختلاف کیا۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ آریانا گرانڈے نے ٹرمپ انتظامیہ سے اپنی موسیقی کے استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ رواں برس جون میں بھی وائٹ ہاؤس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے امیگریشن سے متعلق ایک ویڈیو میں ان کا گانا ’بائے‘ استعمال کیا گیا تھا۔
اس واقعے پر بھی گلوکارہ نے اپنی موسیقی کو ایسی سیاسی پالیسیوں کے ساتھ جوڑے جانے پر ناراضی ظاہر کی تھی۔ بعد ازاں مذکورہ ویڈیو میں گانے کی آواز خاموش کر دی گئی تھی۔
آریانا گرانڈے کی جانب سے تازہ ردعمل ایک بار پھر اس بحث کو نمایاں کرتا ہے کہ فنکاروں کی موسیقی کو سیاسی مہمات یا حکومتی پیغامات میں ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جانا چاہیے یا نہیں۔
