تھلاپتی وجے کی الوداعی فلم ’جانا نائگن‘ ریلیز سے قبل ہی توجہ کا مرکز، ایڈوانس بکنگ میں نمایاں کامیابی
جنوبی بھارت کے معروف اداکار تھلاپتی وجے کی بطور مرکزی اداکار آخری فلم ’جانا نائگن‘ نے سینما گھروں میں نمائش سے پہلے ہی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی پیشگی ٹکٹ فروخت انتہائی حوصلہ افزا رہی، جس سے افتتاحی ویک اینڈ کے لیے تقریباً 50 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ ریکارڈ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ہی فلم کے پہلے دن کی ٹکٹ فروخت سے تقریباً 30 کروڑ روپے کی بکنگ سامنے آئی، جبکہ سب سے زیادہ دلچسپی تمل ناڈو اور کرناٹک میں دیکھی گئی، جہاں بڑی تعداد میں شائقین نے پہلے ہی ٹکٹیں خرید لیں۔
فلم کی ریلیز سے قبل اس کے کچھ حصے غیر قانونی طور پر آن لائن منظرعام پر آنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم اس کے باوجود مداحوں کی دلچسپی میں کمی نہیں آئی اور سینما گھروں میں فلم دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی خریداری کا سلسلہ جاری رہا، جسے تجزیہ کار تھلاپتی وجے کی غیر معمولی مقبولیت سے جوڑ رہے ہیں۔
سیاسی اور ایکشن عناصر پر مبنی اس فلم کی ہدایت کاری ایچ ونوت نے کی ہے، جبکہ فلم میں پوجا ہیگڑے، بوبی دیول، مامیتھا بائیجو، پرکاش راج، گوتم واسودیف مینن، نارائن اور پریامانی سمیت کئی معروف فنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
