آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن کے انعقاد کے بعد راولاکوٹ میں پیش آنے والے سخت واقعات کے دوران ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
سرکاری حکام کے مطابق کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ افراد نے راولاکوٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو صورتحال کشیدہ ہوگئی اور فائرنگ کے نتیجے میں ابتدائی طور پر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
بعد ازاں راولاکوٹ کے نواحی علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے دوران رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہوگئے۔
حکام کے مطابق پرتشدد واقعات میں پولیس کے مزید اہلکار بھی زخمی ہوئے، جبکہ مشتعل افراد نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو آگ لگا دی، جس سے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کشیدہ حالات کے باوجود اہلکاروں نے صبر و تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔
سرکاری اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض عناصر نے انتخابی عمل کے بعد امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔ اعلامیے کے مطابق تشدد، آتش زنی اور سرکاری املاک پر حملوں جیسے اقدامات قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں اور ان میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے واضح کیا کہ ریاست کی عملداری برقرار رکھنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں سے گریز کریں اور معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
