ریاض: حوثی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی

یمن میں سرگرم حوثی گروپ انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوگئے، متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سعودی اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان سمیت متعدد علاقوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جہاں شہری اور اقتصادی اہمیت رکھنے والی تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔

سعودی اتحادی فورس نے حوثیوں کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حملوں کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

ادھر عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یمن کے صوبوں البیضا اور الجوف میں بھی حکومتی فورسز اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

یمنی فورسز نے حوثیوں کے خلاف کارروائیاں مزید بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے صنعا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یمنی نائب وزیر دفاع میجر جنرل سمیر الصبری کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ان کے خلاف مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

سعودی عرب اور یمن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مزید کشیدگی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *